لاہور: وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا لندن کے مہنگے ترین علاقے میں جائیدادوں کے مالک ہیں تاہم ایک انگریزی روزنامہ کے مطابق وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ مذکورہ جائیدادیں انہوں نے جائز پیسے سے خریدیں.
پی ٹی آئی رہنماء اور وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے الیکشن کمیشن کو جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی میں مختلف قیمتوں کی پانچ جائیدادیں ظاہر کیں.
الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر دستیاب تفصیلات کے مطابق ان میں سے دو جائیدادوں کے پتے واضح نہیں ہیں جن کی قیمت 5 لاکھ 75 ہزار پائونڈ اور 8 لاکھ 85 ہزار پائونڈ ہے.
فیصل واوڈا کی یہ جائیدادیں لندن کے ہائیڈ پارک پلیس، 292 ایلگن ایونیو اور ایجویئرروڈ کے قریب 177 کواڈرینگل ٹاورمیں موجود ہیں. ان میں سے ہائیڈ پارک پلیس پر موجود جائیداد کی قیمت 8 لاکھ 49 ہزار پائونڈ، ایلگن ایونیو پر جائیداد کی قیمت 3 لاکھ 20 ہزار پائونڈ جبکہ گواڈرینگل ٹاور پرموجود جائیداد کی قیمت 5 لاکھ 84 ہزار 350 پائونڈ ظاہر کی گئی ہے.
تاہم الیکشن کمیشن کو جمع کرائے گئی دستاویزات میں ان جائیدادوں کی قیمت کم بتائی گئی ہے. کیونکہ ہائیڈ پارک پلیس پر فلیٹ کی قیمت 1.3 ملین پائونڈ سے 1.5 ملین پائونڈ تک ہے. اسی طرح ایلگن ایونیو میں ایک اپاٹمنٹ کی قیمت 7 لاکھ پائونڈ سے 10 لاکھ پائونڈ تک ہے جبکہ گواڈرینگل ٹاور میں اپرٹمنٹ کی قیمت ایک ملین پائونڈ سے لیکر 1.7 ملین پائونڈ تک ہوتی ہے.
یہ بھی ممکن ہے کہ الیکشن کمیشن کو جمع کرائی گئی تفصیلات میں ان جائیدادوں کی قیمت خرید ظاہر کی گئی ہو.
پیپلز پارٹی کے رہنما رحمان ملک اور سابق صدر پرویز مشرف بھی ہائیڈ پارک کے قریب رہتے ہیں جبکہ اس کے قریب ہی ایک جگہ پر سابق وزیر اعظم نواز شریف کے بیٹے حسن نواز کا دفتر بھی ہے.
اس سے قبل مسلم لیگ ن کے رہنما عابد شیر کی لندن کے مختلف حصوں میں بنائی گئی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آئی جس میں عابد شیر علی نے پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا کی لندن میں 8 جائیدادوں کا دعویٰ کرتے ہوئے ان جائیدادوں کو خریدنے کے ذرائع کے حوالے سے وضاحت طلب کی.
عابد شیر علی کو جواب دیتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ میری لندن میں 8 جائیدادیں نہیں ہیں اور عابد شیر علی اپنے دعویٰ کو ثابت کریں.
تاہم فیصل واوڈا نے اس بات کا اعتراف کیا کہ وہ لندن میں جائیدادوں کے مالک ضرور ہیں تاہم وہ تمام جائیدادیں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سامنے ظاہر کر چکے ہیں.
وفاقی وزیرنے کہا کہ انہوں نے جائز ذرائع سے دولت کمائی اور قانونی اور جائز طریقے سے یہ جائیدادیں خریدیں. بدقسمتی سے عابد شیر نے انہیں بدنام کرنے کی کوشش کی ہے.